صرف پرائمری سکولوں کو بند کیا جائے :وزیر تعلیم سندھ لیکن پرائمری سے لے کر تا ماسٹر تک امتحانات کا کیا ہو گا ؟
طلبہ کو بغیر امتحان اگلی جماعتوں میں ترقی نہیں دینگے :سعید غنی
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے وفاقی وزیر تعلیم کی زیر صدارت منعقدہ این سی او سی کے اجلاس میں تجویز دی کہ کورونا وائرس کے باعث دوبارہ تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کے بجائے صرف پرائمری سکولز کو بند کیا جائے جہاں طلبہ انرولمنٹ کی شرح 73 فیصد ہے ۔سعید غنی نے کہا کہ تعلیم صوبائی معاملہ ہونے کی وجہ سے تجاویز پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق چھٹی جماعت اور اس سے آگے کی تمام جماعتوں کے تعلیمی سلسلے کو اسی طرح جاری رکھا جائے ، ساتھ ہی انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ موجودہ تعلیمی سال کے دوران کسی صورت بغیر امتحان لیے طلبہ کو اگلی جماعتوں میں ترقی نہ دی جائے ۔تعلیمی اداروں کی بندش کے دوران سکولز کھلیں رہیں گے تاہم بچوں کو نہیں بلایا جائے گا۔سکولز چاہیں تو ہفتے میں ایک دن بچوں کو بلا سکیں گے تاہم اس سلسلے میں صوبے اپنی پالیسی بنا سکتے ہیں۔ تعلیمی اداروں سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سعید غنی نے مؤقف اختیار کیا کہ کلاس 6 اور اس سے آگے کی تمام کلاسز کو جاری رکھا جائے ۔صوبائی وزیر تعلیم نے یہ تجویز بھی دی کہ جو سکولز آن لائن تعلیم دینا چاہتے ہیں وہ آن لائن تعلیم دیتے رہیں لیکن اگر والدین اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیجنا چاہیں اور انہیں گھروں پر ہی تعلیم دلوانا چاہیں تو سکولز کو پابند کیا جائے کہ وہ ان بچوں کے خلاف کوئی ایکشن نہ لیں۔ سعید غنی نے کہا کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات مئی اور جون میں لینے کا فیصلہ نہ کیا جائے بلکہ اس کو ہولڈ کیا جائے اور آگے کی صورتحال کو دیکھ کر بعد میں فیصلہ کیا جائے ۔ وزیر تعلیم سندھ نے یہ تجویز بھی دی کہ چھوٹے نجی سکولز کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے انہیں بینکوں کے ذریعے آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں اور ان پر سود وفاقی حکومت ادا کرے تاکہ یہ نجی سکولز معاشی طور پر بدحالی کا شکار نہ ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس مجوزہ سکیم میں سکولوں کے علاوہ ٹیوشن اور کوچنگ سنٹرز کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ تعلیمی اداروں میں اس سال تمام غیر تدریسی سرگرمیاں مکمل طور پر بند کرنی چاہئیں۔
Thanks for your message. We are away and cant respond right now we appreciate you reaching out.